9 اگست 2014 - 14:16
استقامت نے دشمنوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا: وزیر خارجہ ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے استقامت کی موجودگي اور مسلمان اقوام کی پائیداری کو اسلام دشمنوں کی سازشوں کی ناکامی کا اہم ترین سبب قرار دیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے استقامت کی موجودگي اور مسلمان اقوام کی پائیداری کو اسلام دشمنوں کی سازشوں کی ناکامی کا اہم ترین سبب قرار دیا ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے ہفتے کے دن کہا ہے کہ انقلاب اور اسلام کے دشمنوں کو جس چیز نے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا وہ استقامت اور ثابت قدمی کا احساس ہے اور شہداء اس استقامت کی عظیم ترین مثال ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے شہر مزار شریف کے شہداء کی مظلومانہ شہادت کی سولہویں برسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ شہداء ہماری اقدار اور انقلاب کے تحفظ اور استقامت کا حقیقی نمونہ ہیں۔ واضح رہے کہ سولہ برس قبل افغانستان کے شہر مزار شریف میں ایرانی سفارتکاروں اور نامہ نگار کو شہید کردیا گیا تھا۔وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی جارحیت کی جانب اشارہ کرتےہوئے کہاکہ صیہونی ظالموں نے ایک ماہ تک بچوں کے قتل عام کے بعد جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور یہ ملت فلسطین کی استقامت اور ثابت قدمی کے مقابلے میں ان کی شکست کی علامت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲